پاکستان میں شعلے کی ملک گیر نمائش

کراچی ۔18 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کی کلاسیک فلموں میں شمار کی جانے والی پروڈیوسر جی پی سپی اور ڈائرکٹر رمیش سپی کی فلم شعلے جمعہ کے روز پہلی بار پاکستان میں ریلیز ہوئی جبکہ ہندوستان میں اسے ریلیز ہوئے 40 سال کا طویل عرصہ گزرچکا ہے ۔ شعلے کو ہندوستانی سینما کی آل ٹائم بلاک بسٹر فلم سے تعبیر کیا جاتا ہے ۔ جیو فلمز اور مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے ذریعہ فلم کو ملک بھر میں ریلیز کیا گیاہے جہاں کراچی کے نیوپلیکس سینما میں اس کا زبردست پریمیئر شو بھی منعقد کیا گیا جس میں کئی نامور ہستیوں نے شرکت کی ۔ 3D میں ریلیز کی گئی اس فلم کے اہم ستاروں میں دھرمیندر ، ہیمامالنی ، سنجیوکمار ، جیہ بچن ، جگدیپ ، اسرانی ، اے کے ہنگل ،سچن ، لیلا مصرا ، وجو کھوٹے اور امجد خان شامل ہیں۔ یاد رہے کہ اس فلم کے کئی اداکار انتقال کرچکے ہیں جن میں سنجیوکمار ، امجد خان اور اے کے ہنگل شامل ہیں جبکہ فلم کے موسیقار آر ڈی برمن اور فوٹوگرافر دوارکا دویچہ بھی اب اس دنیا میں نہیں رہے ۔