لاہور ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ممنوعہ جماعت الدعوۃ سربراہ حافظ سعید نے آج پاکستان میں اتحاد پیدا کرکے اور گڑبڑ زدہ علاقوں میں شرعی قوانین نافذ کئے جانے کے مقصد سے نئی تحریک کا آغاز کیا۔ چونبرجی نامی علاقہ جہاں جماعت الدعوۃ کا ہیڈکوارٹرس واقع ہے، وہاں سے قریب ایک بڑے میدان میں پرہجوم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے 65 سالہ سعید نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی شرعی قوانین کا نفاذ ان کی نئی تحریک کا اہم حصہ ہے۔ لہٰذا جماعت الدعوۃ کے ورکرس ملک کے گوشے گوشے کا دورہ کریں گے جہاں وہ اتحاد کے پیغام کو عام کریں گے۔ علاوہ ازیں ملک گیر پیمانے پر کانفرنسوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں بھی جماعت الدعوۃ کے ورکرس یہ پیغام لیکر جائیں گے تاکہ وہاں کے عوام کو بھی جماعت کی نئی تحریک کا حصہ بنایا جاسکے۔ لشکرطیبہ کے بانی حافظ سعید کا یہ بھی ادعا ہیکہ اگر پاکستان میں شرعی قوانین کے نفاذ میں کامیابی حاصل ہوئی تو اس صورت میں بنگلہ دیش (جو 1971ء سے قبل مشرقی پاکستان کہلاتا تھا) ایک بار پھر پاکستان سے الحاق کرسکتا ہے۔ حافظ سعید ایک دہشت گرد ہونے کے باوجود ملک کے ہر گوشے میں آزادانہ آمدورفت کرتے ہیں۔ حافظ سعید ہندوستان کو ممبئی حملہ کیلئے مطلو ب ہے جس نے نومبر 2008ء میں ممبئی میں سلسلہ وار دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی میں اہم رول اد ا کیا تھا۔