پاکستان میں سیلاب کے متاثرین کو مددکی پیشکش

نئی دہلی ؍ اسلام آباد ۔ /7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )وزیراعظم نریندر مودی نے آج پاکستانی ہم منصب نواز شریف کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں زبردست بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر متاثرین کی مدد کی پیش کش کی ۔ نریندر مودی نے آج جموں و کشمیر کے دورہ کے موقع پر سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے اس پار بھی جانی و مالی نقصانات برابر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ عوام کے ساتھ ان کی دلی ہمدردی ہے اور ان ارکان خاندان کے ساتھ وہ گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں ۔ مصیبت کی اس گھڑی میں وہ راحت کاری اقدامات کیلئے مدد کرنے تیار ہیں ۔ نریندر مودی نے مکتوب میں کہا کہ حکومت پاکستان جو کچھ امدادی اقدامات کررہی ہے اس میں ہم بھی مدد کرنے کی پیشکش کرتے ہیں۔ ہمارے وسائل سے جب بھی ضرورت ہو استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ یہ مکتوب اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمشنر کے توسط سے حوالے کیا گیا ۔ نئی دہلی میں وزارت امور خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر ہمیں انتہائی دکھ اور تکلیف پہونچی ہے ۔ مودی نے کہا کہ جموں و کشمیر کی طرح پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بھی سیلاب کے باعث نقصانات سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انسانی بنیادوں پر کیا جانے والا کام ہے اور ایسے کام سے ہندوستان کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ اسلام آباد میں پاکستان نے بھی جموں و کشمیر میں جانی نقصانات پر تعزیت کا اظہار کیا اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی ممکنہ مدد کرنے ہندوستان کو پیشکش کی ۔ وزیراعظم نواز شریف نے آج پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا ۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ حکومت پاکستان لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب سیلاب کی تباہ کاریوں اور کشمیری بھائیوں کی قیمتی زندگی کے اتلاف پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیلاب سے متاثرہ عوام کی ممکنہ مدد کیلئے ہندوستان کے ساتھ تعاون کرنے تیار ہے ۔