نواز شریف کا پاکستانی مقبوضہ کشمیر کا دورہ، راحت کاری اقدامات جاری
اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں سیلاب اور بارش سے متاثرہ واقعات میں تقریباً 200 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ گذشتہ ہفتہ پنجاب اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں آغاز ہوا، جس کے نتیجہ میں چناب ندی میں سیلاب آ گیا اور گجرات، گجرنوالا اور سیالکوٹ اضلاع میں سیلاب آ گیا۔ نیشنل ڈیساسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے بتایا کہ سیلاب اور بارش سے متاثرہ واقعات میں مرنے والوں کی تعداد 193 اور 364 زخمی ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے آج پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں 64 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ہزاروں بے گھر ہوگئے۔ نواز شریف نے راولکوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کرتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ متاثرہ عوام کی جلد از جلد بازآباد کاری کو یقینی بنائیں۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں میں معاوضہ بھی تقسیم کیا۔ انہوں نے سیلاب میں قیمتی جانوں کے اتلاف پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ممکنہ مدد کا وعدہ کیا۔ پہاڑی پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں سیلاب کی وجہ سے جہاں 64 لوگ ہلاک ہوئے وہیں 109 زخمی ہوگئے۔ چناب ندی میں سیلاب کے باعث کئی مقامات پر شگاف آ گیا ہے اور اس کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں تباہی آئی۔ ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہیکہ لوگ اپنے مکانات کی چھتوں پر کھڑے ہیں اور ان کے مویشی پانی کی لہروں میں بہہ گئے۔ سیلاب نے پنجاب میں 28 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی پر واقع فصلوں کو تباہ کردیا۔ بتایا جاتا ہیکہ چناب اور جہلم ندی میں سیلاب کی وجہ سے یہ تباہی ہوئی۔ متاثرہ علاقوں میں کئی لوگ ہنوز لاپتہ ہیں اور فوج راحت کاری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔