اسلام آباد ، 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبۂ پنجاب، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں گذشتہ تین دن سے ہونے والی شدید بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 160 تک پہنچ گئی ہے جبکہ بیسیوں افراد زخمی ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے نے وزیر اعظم نواز شریف کو آج کی بریفنگ میں بتایا ہے کہ حالیہ بارشوں میں صوبہ پنجاب اور شمالی علاقوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 72 ہو گئی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں بارشوں میں لگ بھگ 150 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 650 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق سب سے ہلاکتیں صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 61 لوگ ہلاک ہوئے ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں 11 افراد مارے گئے ہیں۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیر دفاع خواجہ آصف، سکریٹری کابینہ ڈویڑن، چیئرمین این ڈی ایم اے اور اور دیگر اعلٰی حکام شریک ہوئے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے پاکستان کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پنجاب میں سب سے زیادہ افراد دارالحکومت لاہور میں مارے گئے۔ اس کے علاوہ سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، نارووال،
چنیوٹ، قصور اورگجرات کے اضلاع میں بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ادھر پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے عہدیدار نے بتایا ہے کہ ہفتہ کو مزید 12 ہلاکتوں کے بعد اب کشمیر میں بارشوں کے باعث زمینی تودے کھسکنے ، ندی نالوں میں طغیانی اور گھروں کی چھتیں گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 48 تک پہنچ گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ 12 افراد حویلی کے علاقے میں ہلاک ہوئے جہاں اب ہلاکتوں کی کل تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ سدھ نوتی میں 12، کوٹلی میں سات، راولاکوٹ میں چار، بھمبر میں تین، باغ میں دو اور میرپور میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ ایس ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مکمل اور جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکانات کی تعداد 3700 سے تجاوز کر گئی ہے۔ کشمیر کو اسلام آباد سے ملانے والی سڑک اب بھی بند ہے۔ تاہم مظفر آباد سے ایبٹ آباد جانے والا راستہ چھوٹی گاڑیوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔