پاکستان میں سڑک حادثہ ، 10 افراد جھلس کر فوت

کراچی۔ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے جنوبی صوبہ بند میں مسافرین سے کھچاکھچ بھری ایک ویان کے اُلٹنے کے بعد شعلہ پوش ہوجانے کے نتیجہ میں کم سے کم 10 افراد زندہ جھلس کر فوت اور دیگر 9 زخمی ہوگئے۔ شدید جھلسی ہوئی چار نعشیں برآمد کی جاچکی ہیں جو ناقابل شناخت ہیں۔ مقامی پولیس افسر جامشورو نعیم شیخ نے کہا کہ نوری آباد میں کل رات پیش آئے اس حادثہ میں 10 مسافر ہلاک ہوچکے ہیں۔ نعیم شیخ نے کہا کہ ’’ویان ٹائر پھٹ پڑنے کے بعد کھڈ میں گرپڑی جس کے ساتھ ہی اس کے سلینڈر میں دھماکہ ہوگیا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’خواتین، دو بچے اور چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تین مسافر کسی گزند کے بغیر پوری طرح محفوظ رہے۔ نوری آباد کے اسٹیشن ہاؤز آفیسر ہاشم بروہی نے کہا کہ تمام نعشیں ناقابل شناخت ہیں، صرف ڈی این اے معائنہ کے ذریعہ ان کی شناخت ممکن ہوگی۔