کراچی 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) نا معلوم بندوق برداروں نے پاکستان کے بندرگاہی شہر کراچی میں واقع ایک سابق جیل سپرنٹنڈنٹ کو گولی مار کرہلاک کردیا۔ حیدرآباد جیل میںسپرنٹنڈنٹ کے فرائض انجام دینے والے مقتول اعجاز حیدر اس وقت ہلاک ہوگئے جب چار نا معلوم بندوق برداروں نے اُن کی کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی ۔ دریں اثناء ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ نے بتایا کہ اعجاز حیدر کی جائے واردات پر ہی موت ہوگئی جبکہ کار میں سوار اُن کی اہلیہ بھی زخمی ہوئی ہیں ۔ اب تک یہ توثیق نہیں ہوئی ہے کہ حملہ مسلکی منافرت کی وجہ سے کیاگیا یا پھر افسروں کو نشانہ بنانے کا جو سلسلہ چل رہا ہے ‘اسی کا حصہ ہے ۔ یکم مئی کو ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ بن قاسم عبدالفتح کو بھی کراچی کے گلشن حدید علاقہ میں قتل کردیا گیا تھا ۔ اعجاز حیدر کی ہلاکت اس واقعہ کے صرف دو روز بعد واقع ہوئی ہے جہاں شیعہ اسماعیلی فرقہ سے تعلق رکھنے والے 46 افراد کو صفورہ گوٹھ نامی علاقہ میں گولیوں سے بھون دیاگیا تھا ۔ سندھ کے نیم فوجی رینجرس نے شہر میں ٹارگٹ ہلاکتوں میں مشتبہ طور پر ملوث 145 افراد کو حراست میں لیا ہے ۔