اسلام آباد ۔ 26 ۔ ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی وزارت داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر سے زائداز 6000 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے گا کیونکہ قبل ازیں مشتبہ عسکریت پسندوں کے ناموں کی ایک فہرست بھی تیار کی گئی ۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت نے تمام چار صوبوں اور اسلام آباد انتظامیہ کو احکامات جاری کئے ہیں جس کے مطابق 6777 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جن میں سے اکثریت کا تعلق ممنوعہ تنظیموں سے ہے ۔ جیو نیوز نے یہ بات بتائی ۔ تمام گرفتار شدگان کو احتیاطی طور پر گرفتار کیا جائے گا ۔ فہرست کے مطابق 6777 مشتبہ دہشت گردوں کے منجملہ 1000 کا تعلق سندھ سے زائد از 4000 کا تعلق خیبرپختونخواہ ، 338 کا تعلق بلوچستان سے ، 1416 کا پنجاب سے اور 23 دہشت گردوں کا تعلق اسلام آباد سے ہے ۔