پاکستان میں ریلوے پٹریوں پر بم دھماکہ‘ 8ہلاک

کراچی۔ 16؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستان کے صوبہ سندھ میں ایک ٹرین بم دھماکہ کا شکار ہوگئی جس کی وجہ سے کم از کم 8 افراد ہلاک اور دیگر 3 زخمی ہوگئے۔ یہ دھماکہ خوشحال خان ایکسپریس میں ہوا جو کراچی سے پشاور جارہی تھی اور اُنارواہ ریلوے اسٹیشن کے قریب جیکب آباد میں تھی۔ 5 مہلوکین کی نعشیں ڈبوں سے برآمد کرلی گئی ہیں۔ 30 زخمیوں کو رحیم یار خان سیول ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے۔ طاقتور بم دھماکہ سے ایکسپریس ٹرین کے 3 ڈبے پٹریوں سے اُتر گئے اور پٹریوں کو بھی نقصان پہنچا۔ حالیہ دنوں میں ریلوے پٹریوں پر یہ دوسرے بم دھماکہ ہے۔ قبل ازیں جاریہ ماہ شالیمار ایکسپریس کو ڈھابیجی کے قریب بم حملہ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ دریں اثناء دھماکو صورتِ حال والے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں گزشتہ ہفتہ پاکستان کے اغواء شدہ 5 سینئر عہدیداروں اور ایک قبائیلی سردار کو اغواء کنندوں نے رہا کردیا۔ پانچوں عہدیداروں ضلع انتظامیہ کیچ سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کے ساتھ ایک قبائیلی سردار کا بھی قصبہ ٹمپ کے قریب اغواء کیا گیا تھا۔ اغواء کرنے والوں نے کل رات انھیں رہا کردیا۔ کیچ کے ڈپٹی کمشنر عبدالحمید ابرو ٹمپ کے اسسٹنٹ کمشنر محمد حسین بلوچ، دشت کے اسسٹنٹ کمشنر نعیم گچکی، تحصیلدار رفیق احمد، نائب تحصیلدار امیر علی اور قبائیلی سردار میر دوست محمد شہر تربت پہنچ گئے ہیں۔سکیوریٹی فورسس نے آج بم دھماکہ کے بعد چوکسی بڑھا دی ہے۔