اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ملک کی تاریخ کے بدترین سیلاب کے بعد راحت کاری اقدامات سے نمٹنے کیلئے فوج کو تعینات کیا ہے۔ اس سیلاب میں تقریباً 260 افراد ہلاک اور ایک ملین سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔ ملک کی اہم ندیوں بالخصوص چناب میں اب بھی سیلاب جیسی صورتحال پائی جاتی ہے۔ فوج کو اس وقت طلب کیا گیا جب سیول حکام نے بتایا کہ سیلاب کی صورتحال بے قابو ہوگئی۔ اس کے علاوہ پنجاب کی معیشت میں اہم رول ادا کرنے والے زرعی شعبہ کو بھی کافی نقصان پہنچا۔ فوجی بیان میں کہا گیا ہیکہ 5 ستمبر سے اب تک 22 ہزار افراد کو محفوظ مقام منتقل کیا گیا ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں کے علاوہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں فوجی ہیلی کاپٹرس اور کشتیوں کے ذریعہ متاثرین کی منتقلی عمل میں لائی جارہی ہے۔ چیف منسٹر پنجاب شہباز شریف نے اس سیلاب کو پاکستان کی تاریخ کا تباہ کن سیلاب قرار دیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امداد و راحت کاری اقدامات تیز کرنے کی حکام کو ہدایت دی۔