پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف مزید فضائی حملے ممکن

دہشت گرد عناصر کو ہم زمین کی تہوں سے بھی ڈھونڈ نکالیں گے ، وزیراعظم کا خطاب
احمدآباد ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اشارہ دیا کہ پاکستان میں گذشتہ ہفتے کے فضائی حملے ہندوستان کی طرف سے پڑوسی ملک سے ابھرنے والی دہشت گردی کے خلاف اس طرح کی آخری کارروائی نہیں ہوں گے۔ یہاں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ دہشت گردوں کو نشانہ بنائیں گے چاہے وہ زمین کے اندر کیوں نہ روپوش ہوجائیں۔ انہوں نے پاکستان میں دہشت گرد کیمپ پر 26 فبروری کے فضائی حملے کا در پردہ حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایک کام تکمیل پا جائے تو ہماری حکومت سو نہیں جاتی بلکہ کوئی اور کام کیلئے تیار ہوجاتی ہے۔ اس ریمارک پر حاضرین نے زبردست گونج کے ساتھ خوشی کا اظہار کیا۔ مودی نے کہا کہ جب ہمیں بڑے اور تلخ فیصلے کرنے ہوتے ہیں تو ہم کچھ پیچھے ہٹتے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن قائدین پر زور دیا کہ ہندوستان کی مسلح افواج کو بدنام نہ کریں اور ایسے بیانات سے گریز کرے جو پاکستانی میڈیا میں شہ سرخیاں بن سکتے ہیں۔ دہشت گردی پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ اس طرح کی حرکتوں کیلئے ہندوستان نے ذمہ دار عناصر کو بھی وہ زمین کی تہوں سے ڈھونڈ نکالیں گے۔ یہ ہمارا اصول ہیکہ جو ہمارے گھر میں گھس آئے ہم اسے ہلاک کردیتے ہیں۔ پی ایم نے کہا کہ آئی اے ایف کا بالا کوٹ دہشت گرد کیمپ پر فضائی حملہ پلوامہ خودکش بمباری کے جواب میں کیا گیا اس لئے اسے آنے والے لوک سبھا چناؤ کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہئے۔ اگر یہ انتخابات کیلئے کیا جاتا تو کیا اس وقت انتخابات تھے جب ہم نے پہلے سرجیکل اسٹرائیک (2016ء میں) کئے تھے۔ احمدآباد سیول ہاسپٹل میں 2008ء کے حملہ کا تذکرہ کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اس وقت جو لوگ دہلی میں بیٹھے تھے کیا انہیں پاکستان میں بیٹھے لوگوں کو سبق نہیں سکھانا چاہئے تھا۔