پاکستان میں دہشت گردی کیلئے ہندوستان اور امریکہ ذمہ دار

اسلام آباد 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی پر دہشت گرد حملہ کرنے والے اصل سازشی ذہن لشکر طیبہ کے بانی حافظ سعید نے ہندوستان اور امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں یہ دونوں ممالک ملوث ہیں۔ جمعیۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نے قلعہ دیدار سنگھ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان ہمارا ازلی دشمن ہے۔ اِس کے باوجود بھی یہ بدبختی کی بات ہے کہ پاکستان نے اِسے پسندیدہ ملک کا موقف دیا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر ہندوستان کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔ اخبار ’’نیشن‘‘ کے مطابق اُنھوں نے مزید کہاکہ ہندوستان میں جاریہ انتخابات کے بعد جو پارٹی اقتدار پر آئے گی ، وہ اپنے خود کے مسلم شہریوں کو ہرگز قبول نہیں کرے گی تو وہ پاکستانی مسلمانوں کو کس طرح برداشت کرے گی۔