پاکستان میں دہشت گردی کیخلاف خصوصی فورس

اسلام آباد ۔ 24 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کایم) پشاور اسکول پر دہشت گرد حملہ میں 150 افراد کی ہلاکتوں کے بعد حکومت پاکستان نے کہا ہیکہ عسکریت پسندوں کے خلاف لڑائی کیلئے پانچ ہزار سپاہیوں پر مشتمل خصوصی فورسیس تشکیل دی جائے گی جو دہشت گردی کے خلاف جوابی کارروائی کرے گی۔ وزیرداخلہ چودھری نثار علی نے پارلیمانی قائدین کے ایک اجلاس میں قومی ایکشن پلان کمیٹی کے اس فیصلے کا تذکرہ کیا۔ پشاور اسکول پر گذشتہ ہفتہ ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد عسکریت پسندی سے نمٹنے کے اقدامات تجویز کرنے کیلئے یہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ ریڈیو پاکستان کی خبر کے مطابق چودھری نثار نے کہا کہ فوج ہی یہ فورسیس تیار کرے گی اور تربیت دے گی۔ بعدازاں چار صوبائی صدر مقامات میں ایک ایک ہزار فورسیس تعینات کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس سے اپنے خطاب کے دوران سیاسی قیادت پر زور دیا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے سخت اور اٹل فیصلے کئے جائیں۔ نواز شریف نے کہا کہ پشاور کے سنگین واقعہ جس میں زیادہ تر بے قصور بچے ہی ہلاک ہوئے ہیں، اس واقعہ نے ساری قوم کو متحد کردیا ہے اور پاکستانی قوم صحیح فیصلوں کے لئے سیاسی قائدین کی طرف دیکھ رہی ہے۔