پشاور ، 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شمالی وزیرستان اور پشاور میں آج دو علیحدہ دھماکوں میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک ہی خاندان کے چار خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔ قبائلی علاقہ شمالی وزیرستان میں ایک بم دھماکہ میں خواتین اور بچہ سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق علاقہ شوال میں ایک شخص اسے ملے مارٹر گولے کو اٹھا کر گھر لے آیا اور معائنہ کرنے لگا کہ اچانک یہ گولہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ اس کے نتیجے میں گھر میں موجود چار خواتین اور ایک بچہ ہلاک ہوگئے۔ دریں اثناء خیبر پختونخواہ کے مرکزی شہر پشاور کے اندرونی علاقے میں ایک بم دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور کم از کم چار افراد زخمی ہوئے۔ علاقہ سرکی گیٹ میںیہ آئی ای ڈی بم شرپسندوں نے نصب کر رکھا تھا۔ پولیس کے مطابق دھماکے کیلئے کم از کم آدھا کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ کسی گروپ نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔