اسلام آباد 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شمالی مغربی علاقہ میں سکیوریٹی فورسیس کے قافلہ کو نشانہ بناتے ہوئے عسکریت پسندوں نے ایک دھماو آلہ (IED) نصب کیا تھا جس کے دھماکہ سے پھٹنے کے بعد چار فوجی ہلاک ہوگئے۔ گڑبڑ زدہ محمد قبائیلی ایجنسی میں یہ طاقتور دھماکو آلہ نصب کیا گیا تھا۔ اس علاقہ میں سکیوریٹی فورسیس طالبان کے ساتھ نبرد آزما ہے۔ سکیورٹی عہدیدار نے بتایا کہ چار فوجی جائے وقوع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر تین زخمی ہوئے۔ کچھ دیر بعد پشاور کے ایک فوجی ہاسپٹل میں تین سکیوریٹی جوان زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ اس طرح ہلاکتوں کی جملہ تعداد سات ہوگئی۔ فی الحال ان دھماکوں کی کسی فرد یا تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ طالبان اکثر و بیشتر سکیورٹی فورسیس کو نشانہ بنانے دیسی ساختہ دھماکو آلات کا استعمال کرتے ہیں۔