پشاور ؍ واشنگٹن ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی شہری پشاور میں واقع امریکی قونصل خانہ کے دو مقامی (پاکستانی) ورکرس ایک دھماکہ میں ہلاک ہوگئے۔ وہ شورش زدہ شمالی مغربی علاقہ میں انسداد منشیات مشن میں مصروف تھے۔ ذرائع نے کہاکہ مہمند ریجنسی علاقہ میں گذشتہ روز سڑک کے کنارے رکھے گئے ایک عصری بارودی آلہ سے ہونے والے دھماکے میں پشاور کے امریکی قونصل خانہ میں امور انسداد منشیات کے شعبہ سے وابستہ دو مقامی ملازمین ہلاک ہوگئے۔ جن کی شناخت اس شعبہ کے ایک عہدیدار فیصل خاں اور ان کے ڈرائیور عابد شاہ کی حیثیت سے کی گئی۔ دیگر چار افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے۔ بعدازاں امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے ان دو ملازمین کی ہلاکتوں کی واشنگٹن میں توثیق کرتے ہوئے حملہ کی مذمت کی۔ ممنوعہ تحریک طالبان کے افغانستان میں سرگرم ایک عسکریت پسند گروپ جمعیتہ الحرار نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہ گروپ حالیہ عرصہ کے دوران ایسے کئی دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا ہے جن میں متعدد سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔ پشاور کے قریب آج کے تازہ ترین حملے کے بعد سارے علاقہ کی ناکہ بندی کے ساتھ بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔ تاہم ہنوز کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔