واشنگٹن۔ 24؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستان میں جاری دھرنوں پر بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔ خبر رساں ادارہ ’فرانس پریس‘ پاکستان میں جاری دھرنوں کے حوالہ سے کہتا ہے کہ دونوں دھرنے عوام کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ دھرنوں میں عام پاکستانی شریک نہیں ہوئے، صرف دیرینہ کارکن بیٹھے ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارہ ’وائس آف امریکہ‘ کے مطابق واشنگٹن دھرنوں کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔ امریکی سیاسی مبصرین کہتے ہیں کہ پاکستان میں سیاسی بے یقینی سے خطے پر بُرے اثرات مرتب ہوں گے۔ پاکستان میں سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر کہتے ہیں کہ خطے میں استحکام پاکستان سے وابستہ ہے۔ دھرنوں سے نواز شریف حکومت کی توجہ بجلی کے بحران، تعلیم و صحت اور دیگر شروع کئے گئے منصوبوں سے ہٹ جائے گی اور ایسے طویل مدتی منصوبے شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آتے ہیں۔ پاکستان کی سیاسی صورتِ حال کا اثر افغانستان سے امریکی افواج کی واپسی پر بھی پڑسکتا ہے۔