اسلام آباد ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وفاقی دارالحکومت کے علاقے علی پور فراش میں نامعلوم افراد نے ایک دس سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا۔ پولیس کو دس سالہ بچی کی نعش ایک ویران جگہ سے ملی ہے۔مقتولہ بچی مقامی اسکول میں دوسری جماعت کی طالبہ تھی۔گذشتہ دو ماہ کے دوران وفاقی دارالحکومت میں یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں ایک کمسن بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے پہلے بارہ کہو کے علاقے میں ایک دو سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔علی پورفراش کے علاقے میں رہائش پذیر مقتولہ (ف) کے والد جن کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے مہمند سے ہے۔ انھوں نے مقامی پولیس تھانے شہزاد ٹاون میں پانچ روز قبل بچی کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ ان کی دس سالہ بچی کھیلنے کے لیے باہر گئی لیکن واپس نہ آئی۔ اس دوران اس بچی کو تلاش کیا گیا لیکن انھیں ناکامی ہوئی۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ انھیں شبہ ہے کہ بچی کو اغوا کیا گیا ہے۔