واشنگٹن ۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی عدالت نے پاکستانی فوج کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے دفتر پر خودکش حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے جرم میں ایک امریکی شہری کو ساڑھے سات سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ کے رہائشی 51 سالہ ریاض قادر خان پر اس مقدمے میں 2013 ء میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی اور انھوں نے رواں برس فروری میں دہشت گردوں کی مدد کا الزام قبول کر لیا تھا۔عدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد کل انھیں سزاء سنائی ہے ۔ 51 سالہ ریاض نے علی جلیل کو قریب ڈھائی ہزار ڈالر دیئے تھے۔ اس کے علاوہ اس نے بم حملے کے بعد علی جلیل کی اہلیہ کی مالی اعانت بھی کی تھی۔ اس سال فروری میں خان کا جرم ثابت ہو گیا تھا۔ اس موقع پر اس کا کہنا تھا کہ جلیل کے پاکستان جاتے ہوئے وہ جانتا تھا کہ وہ تشدد کا ارتکاب کرنے جا رہا ہے، تاہم اسے جلیل کے منصوبے کی درست آگاہی نہیں تھی۔