پاکستان میں حملے کے بعد حیدرآباد میں ہائی الرٹ

حیدرآباد ۔ 17 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) ہند ۔ امریکہ خفیہ ایجنسیوں کے درمیان ہوئے معاملات کے تبادلے میں امریکی ایجنسیوں نے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہیکہ ہندوستان کے مختلف شہروں دہلی ، ممبئی ، آگرہ اور حیدرآبادمیں دہشت گردانہ حملے ہوسکتے ہیں۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر صدر امریکہ بارک اوباما کے دورہ ہندوستان کے علاوہ گزشتہ یوم پڑوسی ملک پاکستان میں ہوئے دہشت گردانہ حملے اور سڈنی کے واقعہ کے تناظر میں امریکی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات پر مرکزی خفیہ ایجنسیاں متحرک ہوچکی ہیں۔ کمشنر حیدرآباد پولیس مسٹر ایم مہندر ریڈی نے گزشتہ یوم پشاور میں ہوئے دہشت گردانہ حملے پر کئے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شہری پولیس انتظامیہ طلبہ کی حفاظت کے متعلق رہنمایانہ خطوط تیار کررہا ہے اور محکمہ تعلیمات کے تعاون سے ان رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری یقینی بنائی جائے گی ۔ مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے دہلی ، ممبئی اور حیدرآباد کے علاوہ آگرہ میں دہشت گردانہ حملوں کی اطلاعات پر کئے گئے سوال کے جواب میں کہاکہ کوئی مخصوص انتباہ مرکزی ایجنسی کی جانب سے موصول نہیں ہوا ہے ۔ روایتی الرٹ جو جاری کئے جاتے ہیں تاحال اُسی طرح کے روایتی الرٹ موصول ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود حیدرآباد پولیس شہریوں کی حفاظت کے لئے متعدد اقدامات کررہی ہے تاکہ کسی بھی طرح کے ناگہانی واقعہ سے فوری طورپر نمٹا جاسکے ۔ خفیہ ایجنسیوں سے موصولہ اطلاعات کے بموجب دہشت گرد شاپنگ مال ، ایرپورٹ ، تھیٹر یا پھر گنجان آبادی والے و مصروف ترین علاقوں کو نشانہ بناسکتے ہیں۔ اسی لئے ان علاقوں میں سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب امریکہ نے اپنے شہریوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت بھی دے رکھی ہے ۔ ان امکانی دہشت گردانہ حملوں سے نمٹنے کیلئے مرکزی سکیورٹی ایجنسیوں کے علاوہ ریاستی ایجنسیوں کو بھی مستعد و چوکنا رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور صدر امریکہ براک اوباما کے دورۂ ہندوستان کے پیش نظر امریکی خفیہ ایجنسیاں بھی دہشت گردانہ سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور امکانی دہشت گردانہ حملوں کے متعلق ہندوستانی سکیورٹی ایجنسیوں کو چوکنا کررہی ہیں۔ ریاست کے اسکولوں میں بھی چوکسی اختیار کی جارہی ہے۔