لاہور ۔ /12 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی تیسری سب سے بڑی مسجد کی تعمیر مکمل ہوگئی اور یہاں نمازوں کی ادائیگی کا آغاز ہوگیا ہے ۔ بہاریہ ٹاؤن جامع مسجد کی تعمیر پر تقریباً 100 کروڑ روپئے سے زائد کے مصارف آئے اور یہ پاکستان کی بادشاہی مسجد و فیصل مسجد کے بعد تیسری سب سے بڑی مسجد ہوگی ۔ یہاں اندرونی احاطہ میں 25 ہزار مصلی اور صحن کے بشمول ساری مسجد میں 70 ہزار مصلی نماز ادا کرسکتے ہیں ۔ اس مسجد کے 21 گنبد ہیں اور 4 میناروں کی بلندی فی کس 165 فیٹ ہے ۔ اس مسجد کے آرکیٹکٹ نیئر علی دادا نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ رقبہ کے اعتبار سے یہ پاکستان کی سب سے بڑی مسجد کہلائے گی ۔ تاہم سینئر آرکیٹکٹ پاکستان آرکیالوجی ڈپارٹمنٹ مقصود احمد نے کہا کہ رقبہ کے اعتبار سے بھی یہ تیسری سب سے بڑی مسجد کہلائے گی ۔ اسے لاہور کی قدیم عمارتوں کی طرز پر تعمیر کیا گیا ہے ۔