پاکستان میں توہین رسالتؐ کا مرتکب عیسائی گرفتار

لاہور ۔15 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ایک عیسائی شخص کو توہین رسالتؐ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ۔ گرفتاری کے فوری بعد پولیس نے اُسے ایک نامعلوم مقام منتقل کردیا کیونکہ پولیس کو خدشہ تھا کہ اگر اُسے پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا تو برہم عوام پولیس اسٹیشن پر بھی حملہ کرسکتے ہیں۔ لاہور سے 200 کیلومیٹر کے فاصلہ پر واقع خریاتی گجرات نامی علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ اطلاعات کے مطابق ڈنگاٹاؤز کے ندیم احمد نے جو ایک الیکٹرک شاپ کے مالک ہیں، پولیس میں ایک رپورٹ درج کروائی تھی کہ اُس کے ( ندیم ) ایک دوست نے اُسے بتایا کہ ایک عیسائی جاروب کش نے پیغمبر اسلام محمدؐ کے خلاف مبینہ طورپر اہانت آمیز کلمات ادا کئے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ معاذ ظفر نے یہ بات بتائی اور یہ بھی کہا کہ عیسائی جاروب کش ایک ہاسپٹل میں برسرکار ہے ۔ بہرحال اُس کی گرفتاری کے بعد حالات قابو میں ہیں اور پولیس اہلکار اُس علاقہ کا گشت کررہے ہیں ۔