پاکستان میں تعمیر امکنہ کیلئے چین کی ایک ارب ڈالر امداد

اسلام آباد۔ 26؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ چین کی ایک سرمایہ کار کمپنی نے پاکستان کے قبائیلی علاقہ خیبر پختون خواہ میں تعمیر امکنہ کی اسکیموں میں ایک ارب امریکی ڈالر سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔ چینی سرمایہ کاروں کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے کل چیف منسٹر خیبر پختون خواہ پرویز خٹک سے پشاور میں ملاقات کی اور یہ پیشکش کی۔ روزنامہ ’دی ڈان‘ کی خبر کے بموجب چیف منسٹر خٹک نے کہا کہ رہائشی ضروریات کی تکمیل کے لئے مزید مکانوں کی تعمیر ضروری ہے، کیونکہ آبادی میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ شنگھائی کی ایک کمپنی کے سی ای او ماشی جنگ نے کہا کہ خیبر پختون خواہ کے بڑے شہروں میں تمام بنیادی سہولتوں سے آراستہ مکانوں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ گروپ نے تیقن دیا ہے کہ ان پراجکٹوں پر عمل آوری میں بھرپور تائید کی جائے گی اور اس فیصلہ کی دِل کھول کر ستائش کی گئی ہے۔