لاہور ۔ 24 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) مجاہد آزادی بھگت سنگھ کی 87 ویں برسی کی تقریب مناتے ہوئے پاکستان کے دو گروپ کے افراد نے انھیں پاکستان کا قومی ہیرو اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ۔ واضح رہے کہ بھگت سنگھ کو وطن کی آزادی کی جدوجہد کرنے کے پاداش میں 23 مارچ 1931 ء کو 23 سال کی عمر میں ہی لاہور میں پھانسی پر چڑھاکر شہید کردیا گیا تھا ۔ لہذا ان کی یاد میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے بھگت سنگھ میموریل فاؤنڈیشن ( بی ایس ایم ایف ) اور بھگت سنگھ فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے مجاہد آزادی کو شادمان چوک جہاں پر انھیں پھانسی دی گئی تھی ان کی 87 سالہ برسی کا انعقاد کرکے ان کی قربانی کو یاد کیا ۔ اس ضمن میں بی ایس ایف ایم کے چیرمین امتیاز راشد نے ایک قرارداد پیش کرتے ہوئے برطانیہ کی رانی سے بھگت سنگھ کو پھانسی دینے کے جرم میں معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی دونوں تنظیموں کے ذمہ داران نے شادمان چوک کا نام بھگت سنگھ چوک رکھنے کامطالبہ بھی کیا ۔