پاکستان میں بھگت سنگھ ، راج گرو اور سکھدیو کی 86 ویں برسی

لاہور ۔ 24 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : پاکستان میں سیول سوسائٹی کے ارکان اور ماہرین تعلیم نے برطانیہ کی ملکہ سے ہندوستان کے مجاہدین آزادی بھگت سنگھ ، راج گرو اور سکھدیو کی غیر منصفانہ ہلاکتوں پر عوامی طور پر معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ہے ۔ یاد رہے کہ پاکستان میں ان تینوں شہیدوں کی 86 ویں برسی منائی جارہی ہے ۔ خاص پروگرام بھگت سنگھ میموریل فاونڈیشن کی جانب سے لاہور کے فوارہ چوک پر منعقد کیا گیا جہاں 23 مارچ 1931 کو تینوں مجاہدین آزادی کو پھانسی پر لٹکایا گیا تھا ۔ سخت سیکوریٹی کے دوران شرکاء نے دعائیہ اجتماع میں شرکت کی اور برطانوی ملکہ سے اپیل کی وہ شادماں چوک پہنچ کر تینوں مجاہدین آزادی کے غیر منصفانہ قتل پر عوام سے معذرت خواہی کریں ۔ ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے فاونڈیشن کے ارکان نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ملکہ کو ہند و پاک دونوں ممالک سے معذرت خواہی کرنی چاہئے اور ساتھ ہی ساتھ تینوں مجاہدین آزادی کے ارکان خاندان سے معذرت خواہی کرتے ہوئے انہیں معقول معاوضہ دینا چاہئے ۔ سیول سوسائٹی ارکان نے مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو موم بتیاں جلا کر یاد کیا ۔ اس دوران بھگت سنگھ کے کچھ ارکان خاندان بشمول سردار حکومت سنگھ ، گرجیت دھت ، ابھے سنگھ سندھو ، کرن جیت سنگھ اور سردار سکھویندر سنگھ سانگا نے ہندوستان اور کینڈا سے بذریعہ ٹیلی فون لاہور میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کیا ۔۔
بنگلہ دیش میں مشتبہ دہشت گردوں کے ٹھکانے پر دھاوا
ڈھاکہ ۔ 24 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بنگلہ دیش کا شمال مشرقی شہرسیلہٹ اس وقت دھماکوں اور فائرنگ کی آوازوں سے گونج اٹھا جب پولیس نے ایک پانچ منزلہ عمارت پر ہلہ بول دیا جہاں ایک اسلامی گروپ سے مربوط مشتبہ دہشت گرد پناہ لیے ہوئے تھے جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ ملک کے بدترین دہشت گرد حملہ میں ملوث ہیں ۔ ڈھاکہ سے انسداد دہشت گردی کی ایک ٹیم صبح کی اولین ساعتوں میں سیلہٹ پہنچی جس کے بعد پورا علاقہ فائرنگ کی آواز اور دھماکوں سے گونج اٹھا ۔ دریں اثناء سیلہٹ کے پولیس کمشنر غلام کبریا نے بتایا کہ دہشت گردوں کی ٹیم میں خواتین بھی شامل ہیں ۔