پاکستان میں بم دھماکے، 9 فوجی اور ایک شہری ہلاک

پشاور ؍ کراچی 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ریموٹ کنٹرول کے ذریعہ لب سڑک بم دھماکہ میں کم از کم 9 پاکستانی نیم فوجی فورس کے سپاہی ہلاک اور دیگر کئی شدید زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ شورش زدہ شمالی وزیرستان میں پیش آیا جو افغانستان کی سرحد سے متصل ہے۔ ترقی یافتہ دھماکو آلہ لب سڑک نصب کیا گیا تھا اور میراں شاہ روڈ کے قریب اُس وقت دھماکہ سے اُڑادیا گیا جبکہ فرنٹیئر کور کے عملہ کا قافلہ یہاں سے گزر رہا تھا جس میں 9 فوجی ہلاک ہوگئے اور دیگر کئی شدید زخمی ہیں۔ کراچی سے موصولہ اطلاع کے بموجب جنوب مغربی پاکستان کے شہر ٹوئٹہ میں آج ایک بم دھماکہ سے کم از کم ایک شخص ہلاک اور دیگر 10 زخمی ہوگئے۔ یہ دھماکہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کوئٹہ شہر میں کیا گیا۔

دھماکو مادے ایک موٹر سائیکل پر نصب کئے گئے تھے جو سڑک پر کھڑی ہوئی تھی، اسے دھماکہ سے اُڑادیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد ایک شخص ہلاک دیگر 10 زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکہ کی شدت سے علاقہ کی عمارتوں کے شیشے چکنا چور ہوگئے اور 3 کاریں چند موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں۔ دھماکوں کا نشانہ فرقہ وارانہ تشدد کے تحت مخالف فرقہ کے افراد تھے۔ یہ واقعہ گڑبڑ زدہ صوبہ بلوچستان اور اِس کے دارالحکومت کوئٹہ میں پیش آیا جو اکثر دہشت گردوں، عسکریت پسندوں اور علیحدگی پسندوں کے حملوں کا نشانہ بنا رہتا ہے۔ فی الحال موجودہ دھماکے کا مقصد معلوم نہیں ہوسکا۔ تحقیقات جاری ہیں۔ ایک سرکاری عہدیدار کے بموجب بم دھماکے چُن چُن کر نشانہ بناکر ہلاک کرنے کے واقعات اور فرقہ وارانہ تشدد صوبہ بلوچستان میں عام ہے۔ اِس کے دارالحکومت میں اکثر دھماکے سنائی دیتے ہیں۔