پاکستان میں بارش سے تباہی عمارت گرنے سے 8 ہلاکتیں

راولپنڈی۔ 3 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) واہ کینٹ میں ٹیکسلا روڈ پر واقع عمارت منہدم ہونے سے زخمی ہونے والے دو افراد دم توڑ گئے جس کے بعد اس حادثے میں اموات کی تعداد آٹھ ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق واہ کینٹ میں گرنے والی عمارت کے ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کیلئے جاری امدادی آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔ تنگ گلیوں کے باعث لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالنے میں امدادی ٹیم کو سخت مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔ مرنے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ،جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی شدید بارشوں کے باعث حادثات رونما ہوئے ہیں، جن میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 14 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔پشاور کے علاقے تھانہ متنی کی حدود میں فرنٹیئرروڈ پرایف سی چیک پوسٹ کے کمرے کی چھت گرگئی،جس سے تین اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔