پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ آخرکار واپس!

لاہور ، 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں زائد از چھ سال کے وقفے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کا آخرکار احیاء ہوگیا جب میزبانوں کے ساتھ زمبابوے نے پہلا ٹوئنٹی 20 آج یہاں قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا، جس میں پاکستان کو پانچ وکٹ سے جیت ملی۔ مہمان کپتان ایلٹن چگمبورا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا اور افریقی ٹیم نے 172/6 کا معقول اسکور کھڑا کیا۔ تاہم پاکستانی اوپنر مختار احمد کی دھواں دار ہاف سنچری (83 رنز، 45 گیندیں) نے شاہد آفریدی زیرقیادت میزبانوں کو تین گیندیں قبل 173/5 پر کامیابی دلائی۔ مختار کو ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔ دیگر اوپنر احمد شہزاد نے بھی ففٹی (55) بنائی جبکہ سرفراز احمد 3 اور کپتان آفریدی 4 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان 1-0 کی سبقت کے ساتھ سیریز کا دوسرا و آخری میچ اتوار کو کھیلے گا۔