اسلام آباد ۔ 5 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے آج ایک عجیب بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں منعقدشدنی عام انتخابات کا انعقاد ’’پراسرارمخلوق‘‘ کرے گی ۔ اس بیان پر الیکشن کمیشن نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے خواہش کی ہے کہ موصوف ایسے اناپ شناپ بیانات دینے سے گریز کریں۔ ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم کے اس ریمارک سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ حکومت ملک میں شفاف انتخابی عمل کی توقع نہیں رکھتی ۔ لہذا ماضی میں بھی ’’فرشتے‘‘ اور ’’اَن دیکھی طاقتوں‘‘ جیسی اصطلاحات کا استعمال کیا جاتا تھا لیکن اب کی بار تو وزیراعظم نے ’’ایلینز۔ پراسرارمخلوق‘‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے ساری حدیں پار کردی ۔ یاد رہے کہ صرف دو روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی ایک بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ عام انتخابات میں ہمارا مقابلہ زرداری کی پاکستان پیپلز پارٹی اور عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف سے نہیں بلکہ ’کسی اور سے ‘ ہے، ایک وقت تھا جب ہمارا مقابلہ روایتی سیاسی حریفوں سے ہوتا تھا، ہم ایسے سیاسی محاذ میں داخل ہو چکے ہیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہیں۔سابق وزیراعظم نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ ان ذرائع کا انکشاف کریں جنہوں نے سابق وزیرخزانہ خواجہ آصف کو نااہل قرار دینے کی ’پیش قیاسی ‘ کی تھی۔