پاکستان میں اسلحہ کی نمائش ، روس کی شرکت

کراچی ۔ یکم ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میںآج اسلحہ کی سب سے بڑی نمائش کا افتتاح عمل میں آیا ۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ غیرکارکرد عوامل کے اُبھرنے اور دہشت گردوں و کمپیوٹر ہائیکرس کی وجہ سے قومی سلامتی کو لاحق خطرات بڑھ گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت و یگانگت کے دفاع کیلئے انتہائی عصری اور مسلح و تربیت یافتہ فوج ضروری ہے ۔ اس نمائش میں 2000 سے زائد اقسام کے ہتھیارپیش کئے جارہے ہیں اور روس میں پہلی مرتبہ اس نمائش میں حصہ لیا جس سے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون میں اضافہ کا اشارہ ملتا ہے ۔ 136 بین الاقوامی اور 34 پاکستانی کمپنیاں اس نمائش کا حصہ ہیں۔ روس نے جنگی دبابہ شکن طیارے ، ٹینکس اور JF17 تھنڈر فائٹر طیاروں کے علاوہ فوجی بکتر بند گاڑیاں اور میزائیل کشتیاں نمائش میں پیش کی ہیں۔ اس دوران پاکستان کے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہاکہ اُن کا ملک تمام پڑوسی بشمول ہندوستان کے ساتھ دوستانہ روابط کا خواہاں ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہندوستان کے ساتھ کشمیر اور پانی کے مسائل پائے جاتے ہیں لیکن پاکستان بات چیت کے ذریعہ ان مسائل کی یکسوئی چاہتا ہے ۔