کراچی 8 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی وفاقی حکومت نے سرکاری محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اردو کو سرکاری زبان کے طور پر استعمال کرنے کیلئے کابینی فیصلہ کا عاجلانہ اطلاق کریں ۔ ڈان نیوز کے مطابق کہ سرکاری محکمہ جات میں ایک سرکلر بھی گشت کروایا گیا ہے جہاں سربراہان کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ ایسی تجاویز پیش کریں جن کے تحت اردو کو انگریزی کے بجائے سرکاری زبان کے طور پر استعمال کیا جاسکے ۔ یاد رہے کہ 14 مئی کو کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ ملک کے دستور کے آر ٹیکل 251 کے مطابق اردو کو سرکاری زبان کا درجہ حاصل رہے گا ۔ اس سلسلہ میں انفارمیشن سکریٹری کی قیاد ت میں ایک ٹاسک فورس کی تشکیل بھی عمل میں آئے گی جو ماہانہ اساس پر اس سلسلہ میں نگرانکار کے فرائض انجام دے گی جو یہ دیکھے کہ اردو کے اطلاق پر دیانتدارانہ عمل آوری ہورہی ہے یا نہیں؟ بیوروکریٹس کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری فائلوں پر مختلف آرڈرس اور نوٹس انگریزی میں تحریر کرنے کے بجائے اردو زبان میں تحریر کریں۔