پاکستان میں احتجاجی مظاہرہ سے 547 بلین روپئے کا نقصان

اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں مخالف حکومت احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے معیشت کو تقریباً 547 بلین روپئے کا نقصان ہوا جبکہ 5 ملین روپئے مالیتی عوامی املاک کی تباہی ہوئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے علامہ طاہرالقادری کے احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے صدر سری لنکا مہندا راجہ پکسے کا دورہ منسوخ ہوگیا۔ اس کے علاوہ صدر چین ژی جن پنگ کا دورہ ملتوی کرنا پڑا۔ پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر امیج بھی بری طرح متاثر ہوئی۔ حکومت نے جمعرات کو ان احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے نقصانات کے بارے میں پوچھے جانے پر سپریم کورٹ نے یہ جواب داخل کیا ہے۔ گذشتہ ہفتہ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل پاکستان سلمان اسلم بٹ کو جاری احتجاج کے باعث مالی خسارہ اور عوامی املاک کو ہونے والے نقصانات کے علاوہ ہلاکتوں اور لا اینڈ آرڈر پر ہونے والے مصارف کے بارے میں تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔