اسلام آباد۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک ملزم جسے پاکستان میں ایک 8 سالہ بچی کی عصمت ریزی اور قتل کا مرتکب قرار دیا گیا ہے، چہارشنبہ کی صبح پھانسی پر لٹکا دیا گیا۔ صدر پاکستان ممنون حسین نے ملزم عبدالغفور کی جانب سے داخل کردہ رحم کی درخواست کو نامنظور کردیا۔ غفور نے اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب 1991ء میں کیا تھا۔ صوبہ پنجاب کی ویہاری ڈسٹرکٹ جیل میں اسے پھانسی دی گئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال ڈسمبر میں طالبان کے ذریعہ پشاور کے ایک فوجی اسکول پر کئے گئے حملے کے بعد حکومت پاکستان نے سزائے موت پر عائد امتناع برخاست کردیا تھا۔ طالبان کے اس دہشت گرد حملے میں زائد از 150 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں اکثریت طلباء کی تھی۔