پاکستان میںالقاعدہ کا اہم لیڈر ہلاک

پشاور۔ 6 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی فوج نے ملک کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ایک کارروائی کے دوران القاعدہ کے اہم لیڈر عدنان الشکری الجمعہ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔فوج کے شعبہ ٔتعلقات عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی نژاد شکری الجمعہ کو قبائیلی جنوبی وزیرستان کے شن ورسک علاقہ میں ہلاک کیا گیا ۔ اس کارروائی میں القاعدہ کے اہم رہنما سمیت تین شدت پسندبھی ہلاک ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ نے ٹویٹ کی ہے کہ بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پاکستانی فوج کی ٹیم کو سراہا ہے جس کی کارروائی کے نتیجے میں الشکری ہلاک ہوا۔’’جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے تمام شدت پسندوں کو ختم کردیا جائے گا اور کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا‘‘۔

فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں شروع کئے گئے فوجی آپریشن ضربِ عضب کے بعد عدنان الشکری شمالی وزیرستان سے جنوبی وزیرستان منتقل ہو گیا تھا۔ سکیورٹی فورسز کو جیسے ہی اطلاع ملی کہ القاعدہ رہنما جنوبی وزیرستان میں ایک کمپاؤنڈ میں پناہ لیے ہوئے ،جس کے بعد اس علاقے میں کارروائی کی گئی۔اس کارروائی میں عدنان الشکری کے ساتھ اس کا ایک ساتھی اور مقامی فرد بھی ہلاک ہوگیا۔عدنان الشکری القاعدہ کے مرکزی گروپ کا رکن تھا اور القاعدہ کے بیرونی آپریشنز کا انچارج تھا۔

امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے مطابق عدنان الشکری 4 اگست 1975 میں سعودی عرب میں پیدا ہوا۔ تاہم اس کے پاس گیانا کی شہریت ہے۔ الشکری پر نیویارک کی عدالت نے 2010 ء میں امریکہ اور برطانیہ میں دہشت گردی کے منصوبے میں فردِ جرم عائد کی تھی۔اس مقدمے میں الشکری پر لگائے گئے الزامات میں نیو یارک میں سب وے نظام کو مغربی ممالک میں موجود ساتھیوں کے ذریعے نشانہ بنانا تھا۔امریکی محکمہ خارجہ نے الشکری کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر پانچ ملین ڈالر کے انعام کا بھی اعلان کیا ہوا تھا۔