اسلام آباد 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے آج ایک ایسا بیان دیا ہے جو یقینا پاکستانی اور ہندوستانی قیادت کو فکرمند کرسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر ہندوستان کی قیادت کو لاحق ’’جنگی جنون‘‘ دور نہیں ہوا تو پاکستان، ہندوستان کے ساتھ مختصر یا طویل مدتی جنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو شدید نقصانات سے دوچار کرسکتا ہے۔ یاد رہے کہ خواجہ آصف کی جانب سے دیا گیا یہ بیان دراصل ہندوستانی افواج کے سربراہ جنرل دلبیر سنگھ کے اُس بیان کا ردعمل ہے جہاں اُنھوں نے کہا تھا کہ ہندوستان مستقبل میں کسی بھی مختصر یا طویل مدتی جنگ کے لئے تیار ہے۔ ریڈیو پاکستان کے ایک پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور پرامن طور پر اپنا وجود منوانے کا قائل ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ وہ (پاکستان) یہ بھی جانتا ہے کہ جارحیت کا جواب کس طرح دیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستانی قیادت کے سر سے جنگ کا جنون اگر نہیں اُترا تو پاکستان، ہندوستان کو شدید نقصانات سے دوچار کرسکتا ہے۔ جنرل دلبیر سنگھ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ پاکستان بھی منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ گزشتہ جنگوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ 1965 ء میں پاکستانی مسلج افواج نے ہندوستانی افواج کے تمام جنگی منصوبوں پر پانی پھیر دیا تھا اور لاہور پر قبضہ کرنے کا خواب پورا ہونے نہیں دیا اور مستقبل میں بھی ایسا ہی ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ پاکستانی افواج نے 1965 ء کے مقابلے اب زیادہ تجربہ کار اور پروفیشنل ہے۔