پاکستان : فضائی حملوں میں کئی عسکریت پسند ہلاک

اسلام آباد 5 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ائر فورس کے جیٹ طیاروں نے آج شمالی وزیرستان کے قبائلی علاقوں میں ‘ جو افغان سرحد کے قریب ہیں ‘ عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجہ میں کئی عسکرتے پسندوں کی ہلاکتوں کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ ان میں اکثریت ازبیک شہری بتائے گئے ہیں۔ فوج کی جانب سے اس علاقہ میں طالبان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں یہ کارروائی میران شاہ میں شروع کی گئی ۔ اس کے علاوہ بویا گاؤں کو بھی نشانہ بنایا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ یہاں روپوش عسکریت پسندوں نے پاکستانی سیوریٹی فورسیس کے خلاف فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا تھا ۔ فوجی ترجمان میجر جنرل عاصم باجوا نے کہا کہ عسکریت پسندوں کے پانچ ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے یہ فضائی حملے کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں عسکریت پسندوں کی پناہ گاہ سمجھے جانے والے غاروں اور بھاری مقدار میں اصلحہ اور گولہ بارود کو تباہ کردیا گیا ۔ اس کے علاوہ صبح کی اولین ساعتوں میں کی گئی اس کارروائیوں میں بے شمار عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہاں تلاشی مہم کے دوران بین الاقوامی عسکری تنظیموں کے پرچم اور ان کا لٹریچر دستیاب ہوا ہے ۔ عاصم باجوا نے کہا کہ مہلوک عسکریت پسندوں میں اکثریت ازبیکستان سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی ہے ۔ یہ لوگ القاعدہ سے تعلق رکھنے والی تنظیم تحریک اسلامی ازبیکستان کے ہیں ۔