کراچی 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج اعلان کیاکہ 40 ہندوستانی قیدیوں کو جن میں اکثریت مچھیروں کی ہے، کراچی کی ایک جیل سے رہا کردیا جائے گا، جبکہ ایک روز قبل وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی سے سارک سمٹ منعقدہ نیپال میں گرمجوشی سے مصافحہ کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔دفتر خارجہ پاکستان کے بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان 40 ہندوستانی قیدیوں (5 عام شہری اور 35 مچھیرے) کو کل رہا کرے گا اور اُنھیں واگھا کے راستے ہندوستان واپس بھیج دیا جائے گا۔ اس سے رواں سال رہا کئے جانے والے ہندوستانی قیدیوں کی جملہ تعداد 191 ہوجائے گی، جس میں 6 عام شہری اور 185 ماہی گیر شامل ہیں۔ پاکستان رینجرس کے ترجمان نے کہاکہ 40 ہندوستانی قیدی جو کراچی کی ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں قید ہیں، انھیں وطن واپسی کے لئے آج لاہور منتقل کیا جارہا ہے۔ رہائی پانے والے ہر قیدی کو ایدھی فاؤنڈیشن اُس کی فیملی کیلئے کپڑے اور 10 ہزار روپئے نقد دے رہا ہے۔