پاکستان سے دھمکی آمیز فون کالز : رویندر رینا کا دعویٰ

جموں، 21 جون (سیاست ڈاٹ کام ) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) جموں وکشمیر یونٹ کے شعلہ بیان صدر رویندر رینا نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں گذشتہ چند روز سے پاکستان کے مختلف شہروں سے دھمکی آمیز ٹیلی فون کالز موصول ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان کالز کے بارے میں ریاستی گورنر نریندر ناتھ ووہرا اور سیکورٹی عہدیداروں کو مطلع کیا ہے۔ ضلع راجوری کے حلقہ انتخاب نوشہرہ سے رکن اسمبلی رویندر رینا کو گذشتہ ماہ کی 13 مئی کو بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کا صدر منتخب کیا گیا تھا ۔ رویندر رینا راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نظریات کے کٹر حامی ہونے کے علاوہ پاکستان، کشمیری علیحدگی پسندوں، جنگجوؤں اور سنگبازوں کے خلاف شعلہ بیانی کے لئے مشہور ہیں۔ انہیں ظاہری طور پر آر ایس ایس کو خوش کرنے کے لئے ہی بی جے پی صدر منتخب کیا گیا تھا۔ رویندر رینا نے جمعرات کو پاکستان کے مختلف شہروں سے دھمکی آمیز ٹیلی فون کالز موصول ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ‘میرے فون پر ٹیلی فون کالیں موصول ہوئیں۔ فون کرنے والوں نے بتایا کہ وہ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور مظفرآباد سے بات کررہے ہیں۔ یہ سلسلہ گذشتہ کچھ روز سے جاری ہے ۔ جب میں ریاستی اسمبلی میں بولتا تھا اور پاکستان کے خلاف نعرے بازی کرتا تھا، تب بھی مجھے دھمکی آمیز کالز موصول ہوتی تھیں۔ میں ایک ہندو ہوں۔ مجھے کسی سے ڈر نہیں لگتا ۔ بھگوان نے جو مقدر میں لکھا ہوگا، وہی ہوگا۔ میں بھارت ماتا کا ایک سپاہی ہوں’۔ انہوں نے کہا ‘یہ دھمکیاں میرے لئے مطلب نہیں رکھتیں، میرے لئے میرا ملک مطلب رکھتا ہے ۔ یہ بزدل لوگوں کی بزدل حرکت ہے ‘۔