اسلام آباد ۔28جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج توقع ظاہر کی کہ وہ جلد ہی سارک چوٹی اجلاس کی میزبانی کرے گا جسے ہندوستان کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد ملتوی کردیا گیا تھا ۔ وزیراعظم نواز شریف کے خارجہ پالیسی کے مشیر سرتاج عزیز نے کہاکہ ہندوستان سارک کے فروغ کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہا ہے ۔ انھوں نے یہ بات اُس وقت کہی جب انھوں نے سارک کے سبکدوش ہونے والے سکریٹری جنرل ارجن بہادر تھاپا سے ملاقات کی تھی جو کل پاکستان کے دورہ پر آئے تھے ۔ یہاں اس بات کاتذکرہ ضروری ہے کہ گزشتہ سال نومبر میں پاکستان سارک کے 19 ویں اجلاس کی میزبانی کے لئے تیار تھا تاہم پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان نے اُس اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے سارک کی روح کو متاثر کیا تھا لہذا پاکستان اب بھی 19 ویں سارک اجلاس کے جلد سے جلد اسلام آباد میں انعقاد کا اپنے وعدہ کا پابند ہے تاکہ سارک کے جو مقاصد ہیں اُن سے استفادہ کیا جاسکے ۔