پاکستان دوست نہیں صرف ہمسایہ ملک : جنرل سنگھ

فرخ آباد۔ 29 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر جنرل وی کے سنگھ نے آج کہا کہ پاکستان ہمارا دوست نہیں بلکہ ایک پڑوسی ملک ہے ۔ اگرچیکہ ہندوستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ بہترین تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے لیکن یہ ہماری سلامتی کی قیمت پر نہیں ہونا چاہئے ۔ انھوں نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بھی یہ سوچنا چاہئے کہ وہ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ کس طرح تعلقات قائم کرسکتا ہے ۔مملکتی وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ ہندوستان گرمجوشانہ تعلقات کا خواہشمند ہے لیکن بہت جلد معلوم ہوجائیگا یہ تعلقات کس نوعیت کے ہونگے ۔ عراق میں آئی ایس آئی ایس کی جانب سے 39 ہندوستانیوں کو یرغمال بنائے جانے کی اطلاع پر انھوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی منفی خبر نہیں آئی ۔ بیرونی راست سرمایہ کاری (FDI) کو بی جے پی کی حمایت پر انھوں نے کہا کہ پارٹی خوردہ فروشی میں اس کی مخالفت کرتی ہے لیکن بڑے کاروبار میں یہ مناسب رہے گا ۔ سابق فوجی سربراہ ، یہاں ایک فوجی تقریب میں شرکت کیلئے آئے ہیں۔