نئی دہلی 7 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی جانب سے جموں و کشمیر میں لائین آف کنٹرول پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے دوران سینئر کانگریس لیڈر کرن سنگھ نے آج پاکستان سے کہا کہ وہ سرحدی علاقوں میں فائرنگ کا سلسلہ بند کرے اور وہاں امن برقرار رکھا جائے ۔ کرن سنگھ کشمیر میں صدر ریاست اور گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی فائرنگ میں متاثر ہونے والے افراد سے اظہار ہمدردی کیا ہے اور کہا کہ وہاں کشیدگی اور تصادم کا ماحول پیدا کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں حالات بڑی حد تک خراب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سرحد پار سے فائرنگ کے واقعات میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے حالانکہ سرحد پر ہمارے جوان مستعد ہیں اور وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کی وجہ سے وہاں کشیدگی اور تصادم کا ماحول پیدا ہو رہا ہے اور اس کو آئندہ بڑے پیمانے پر کشیدگی کی وجہ بننے نہیں دیا جانا چاہئے ۔ پاکستان کو چاہئے کہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ روک دے اور وہاں امن و سلامتی کا ماحول پیدا کیا جائے ۔ پاکستان کی جانب سے حالیہ وقتوں میں جموں و کشمیر میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے اور وہ مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔