پاکستان : بیرون ملک اثاثوں پر وزیراعظم کو بھی نوٹس

اسلام آباد ، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ایک اعلیٰ عدالت نے بیرون ملک اثاثوں کو واپس لانے کے ایک کیس میں وزیراعظم نوازشریف کے علاوہ شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری اور عمران خان سمیت 26 سیاست دانوں کو نوٹس جاری کئے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے یہ نوٹس بیرسٹر اقبال جعفری کی ایک درخواست پر جاری کی گئی جس میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاکستان میں قرضوں کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے جب کہ پاکستانیوں نے لگ بھگ 200 ارب ڈالر کے اثاثے بیرون ملک منتقل کر رکھے ہیں۔ درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس خالد محمود خان کو بتایا گیا کہ بہت سے سیاست دانوں نے اس ضمن میں نوٹس وصول نہیں کئے جس پر عدالت نے حکم دیا کہ ایسے سیاست دانوں کے نام اخبارات میں شائع کر کے انھیں 16 جون کو پیش ہونے کا کہا جائے۔ رواں ماہ کے اوائل میں پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا محمد افضل نے پارلیمنٹ میں ایک بیان میں یہ انکشاف کیا تھا کہ حکومت ملک سے غیر قانونی طریقے سے سوئس بینکوں میں منتقل کئے گئے دو سو ارب ڈالر واپس لانے پر کام کر رہی ہے۔ رانا محمد افضل کے مطابق پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کی حکومت کے درمیان موجودہ ٹیکس معاہدے پر دوبارہ بات چیت کیلئے کابینہ سے منظور ہو چکی ہے جس کے تحت ایسے پاکستانیوں کی نشاندہی ہو سکے گی جنہوں نے غیر قانونی طریقے سے رقوم سوئس بینکوں میں منتقل کیں۔