اسلام آباد، 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے کہ پاکستان بحرین یا سعودی عرب کیلئے اپنی فوج بھیج رہا ہے۔ نواز شریف نے یہ بات کل صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں ایم ایم عالم ایئربیس پر منعقدہ تقریب کے دوران کہی۔ اخباری نمائندوں کے ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نہ تو ان دونوں ممالک میں اپنی فوج بھیج رہا ہے اور نا ان دونوں ملکوں کی جانب سے اس ضمن میں کوئی رابطہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شاہ بحرین کا دورۂ پاکستان ملک کے مفاد میں ہے اور اس کو اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے
اور ان سے نمٹنے کیلئے بروقت فیصلوں کی ضرورت ہے۔ بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ 21 رکنی وفد کے ساتھ پاکستان کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ان کے وفد میں دفاع اور داخلی سکیورٹی کے اعلیٰ عہدے دار بھی شامل ہیں۔ شاہ حمد نے چہارشنبہ کو اپنے وفد کے ہمراہ راولپنڈی میں جوائنٹ سرویسز ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا تھا جہاں انھوں نے فوجی قیادت کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا اور طرفین نے دوطرفہ فوجی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔پاکستان بحرین کے ساتھ باہمی تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ کا خواہاں ہے جبکہ بحرین پاکستان کے ساتھ فوجی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے۔