پاکستان ایٹمی میزائل تیار کر رہا ہے ، امریکی اخبار کا دعویٰ

اسلام آباد ، 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اپنی بحری حدود کے دفاع کیلئے کم فاصلے تک مار کرنے والے ایٹمی میزائل بنا رہا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق نیوی کے بحری جہاز سے فائر ہونے والا میزائل پاکستان کے زمینی ہتھیاروں کی حفاظت کیلئے مددگار ثابت ہو گا۔ امریکی تھنک ٹینک کے ایک رکن نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے جوہری ہتھیاروں کی عالمی دنیا کو تحفظ کی یقین دہانی کراتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنے دفاع کے لئے سمندر سے مار کرنے والے جوہری میزائل بنانے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے کہا ہے کہ یہ پاکستان پر منحصر ہے کہ وہ اس پروگرام کے بارے میں تبادلہ خیال کرتا ہے یا نہیں۔ انھوں نے کہا کہ خطے میں امن کے فروغ کیلئے ہم اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب اسرائیلی ٹکنالوجی کے حامل بارک 8 نامی میزائل بنا رہا ہے۔ بارک 8 زمین سے فضا میں مار کرنے والا جدید ترین میزائل ہے۔ یہ ہوائی جہاز، میزائل اور ڈرون مار گرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل 275 کلو وزنی ہے جو 60 کلو وزنی ایٹمی وار ہیڈ لے جا سکتا ہے اور ایک ہزار 350 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 70 کلو میٹر دور تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔