پاکستان اپنا ایجنڈہ مسلط نہیں کرسکتا مرکزی وزیر

جموں ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے اس موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہ وادی کشمیر میں صرف کشمیری پنڈتوں کیلئے علیحدہ ٹاؤن شپ کی تعمیر سے ریاست کے ڈھانچہ میں تبدیلیاں آئیں گی مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے آج کہا کہ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کسی کو بھی اپنا ایجنڈہ مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیگی ۔ جتیندر سنگھ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں ہندوستان یہ اہلیت رکھتا ہے کہ وہ اپنی شرائط اور اپنا ایجنڈہ تیار کرے ۔ جہاں تک ان مساء پر ہندوستان کا سوال ہے چاہے یہ دہشت گردی کا مسئلہ ہو یا پھر بے گھر افراد کی اپنے گھروں کو واپسی کا مسئلہ وہ وہ نہیں سمجھتے کہ حکومت کسی کو بھی اپنا ایجنڈہ مسلط کرنے کی اجازت دیگی ۔ واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان نے وادی کشمیر میں کشمیری پنڈتوں کیلئے علیحدہ ٹاؤن شپس کی تعمیر کی مخالفت کی تھی ۔ نامہ نگاروں کے سوالات کے جواب میں جتیندر سنگھ نے حکومت کے موقف کا اظہار کیا ۔ اس سوال پر کہ آیا حکومت ہند اپنے داخلی معاملات میں پاکستان کی مداخلت پر احتجاج درج کروائیگی انہوں نے کہا کہ اس کیلئے ایک میکانزم ہے ۔ ہماری وزارت خارجہ ہے اور وزارت داخلہ ہے اور یہ لوگ ہر وقت مناسب فیصلہ کرتے ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا علیحدگی پسندوں اور پاکستان کی مخالفت کے باوجود مرکزی حکومت کشمیری پنڈتوں کیلئے علیحدہ ٹاؤن شپس کی تعمیر کے اپنے منصوبے پر عمل کریگی انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر مباحث میں حصہ نہیں لے سکتے کیونکہ وزارت داخلہ کی جانب سے تمام امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اسی کے مطابق فیصلہ کیا جائیگا ۔