پاکستان اور ہندوستانی دستوں میں فائرنگ کا تبادلہ

جموں ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام) : اضلاع جموں و پونچھ میں اگلے مورچوں پر پاکستانی دستوں کی فائرنگ اور ایل او سی سے متصل 4 سیکٹروں میں جنگ کی خلاف ورزی کے بعد کل رات بھر ہندوستان اور پاکستانی دستوں کے درمیان زبردست فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا ۔ حقیقی خط قبضہ ( ایل او سی ) کے نگرانکار فوجی دستوں نے بھی سرحد پار سے فائرنگ کا موثر جواب دیا ۔ ایک سینئیر فوجی آفیسر نے بتایا کہ ایل او سی سے متصل کرشنا گٹی ، بال کوٹے ، سبزیاں منڈی اور پالنوالا میں اگلے مورچوں پر پاکستانی دستے چھوٹے ہتھیاروں سے کل شب بھر فائرنگ کرتے رہے اور ہندوستانی دستوں کی جوابی فائرنگ کے بعد صبح 3 بجے یہ سلسلہ تھم گیا ۔ تاہم اس فائرنگ میں کوئی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے ۔