پاکستان اور چین کے ارادے ٹھیک نہیں ‘ ْآہیر

پاناجی 22 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع منوہر پریکر کی جانب سے پاکستان کے دوزخ سے تقابل کے چند دن بعد ان کے کابینی رفیق ہنس راج آہیر نے آج کہا کہ پاکستان اور چین دونوں ہی ہندوستان سے امن قائم کرنے کے مخالف ہیں کیونکہ دونوں کے ارادے ٹھیک نہیں ہیں۔ منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ ہنس راج آہیر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام پڑوسی ممالک سے تعلقات کو بہتر بنالیا ہے لیکن یہ تعلقات پاکستان اورچین کے ساتھ کشیدہ ہیں۔ ایسا اس لئے ہے کیونکہ ان کے ارادے ٹھیک نہیں ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں پاکستان کو ’’ ٹیڑھی دم ‘‘ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کو یقینی بنانے کی کوشش کی تھی لیکن یہ ممکن نہیں ہوسکا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے ساتھ تعلقات میںکشیدگی کیلئے مرکزی حکومت کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ یہ ممالک ہندوستان کے تئیں منفی احساسات رکھتے ہیں۔ مسٹر آہیر نے کہا کہ مرکزی حکومت گوا میں بھی سکیوریٹی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ یہ معروف سیاحتی مقام ہے ۔