اسلام آباد ؍ سری نگر 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) زلزلہ کا ایک جھٹکا جس کی شدت ریختر پیمانہ پر 5.6 ریکارڈ کی گئی آج علی الصبح شمالی اور شمال مغربی پاکستان کو دہلانے کی وجہ بن گیا۔ زلزلہ کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مالاقند، وادیٔ سوات، زیریں دیر، ایبٹ آباد، منشہرہ اور گلگت، بلتستان کے کئی علاقوں کو دہلانے میں کامیاب رہے۔ ریڈیو پاکستان کی خبر کے بموجب کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ پاکستان زلزلہ کے اعتبار سے سرگرم علاقہ میں واقع ہے جہاں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔ 2005 ء میں ایک طاقتور 7.6 شدت کے زلزلہ کے جھٹکے سے پاکستان میں 74000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ سری نگر سے موصولہ اطلاع کے بموجب ایک اوسط شدت کے زلزلہ کا جھٹکا جس کی شدت ریختر پیمانہ پر 5.5 ریکارڈ کی گئی، آج وادیٔ کشمیر کو دہلا گیا۔