نئی دہلی۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے مجوزہ تہواروں کے موسم میں قومی دارالحکومت دہلی میں پیاز کی امکانی قلت سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور افغانستان پر توجہ مرکوز کی ہے۔ نیشنل اگریکلچر اینڈ مارکیٹنگ فیڈریشن (نیفڈ) دہلی میں پیاز کی قلت کو دور کرنے کیلئے ان دو ممالک سے پیاز درآمد کررہی ہے جن ریاستوں میں پیاز کی پیداوار کثرت سے ہوتی ہے، وہاں بارش نہ ہونے کی وجہ سے خریف کے موسم میں پیاز کی پیداوار موثر طور پر نہیں ہو پائی ہے۔ حکومت دہلی کے عہدیداروں نے بتایا کہ دارالحکومت میں آنے والے تہواروں کے دوران پیاز کی طلب میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا جارہا ہے تاکہ قیمتیں قابو میں رہیں اور پیاز کی قلت بھی نہ ہو۔ عہدیداروں کے مطابق دسہرہ، دیوالی اور عیدالاضحی میں پیاز کی طلب بڑھ جاتی ہے۔ حکومت ہندکی ہدایت کے مطابق نیفڈ نے پاکستان اور افغانستان سے 50 ہزار میٹرک ٹن پیاز درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسے ریاست کی خواہش کے مطابق قریبی بندرگاہ تک سربراہ کیا جائے گا۔