لاہور ۔ 17 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے آج کہا کہ اُن کی حکومت ملک کی سرحدوں کے اندرون اور بیرون امن چاہتی ہے تاکہ معاشی ترقی ہوسکے ۔ انھوں نے یہاں نولوار کالج کی نوتعمیرشدہ عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد بحریہ کے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خواہش اندرون و بیرون ملک امن و استحکام ہے تاکہ نہایت درکار سماجی و معاشی ترقی کے مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔ ’’ہم ہمارے قومی مقاصد کی تکمیل میں توجہ ہٹانے کے متحمل نہیں ہوسکتے ہیں‘‘۔ انھوں نے مزید کہا ، ’’میں آپ کو یقین دلادوں کہ میری حکومت کی پراستقلال کوشش اُنہی قومی نشانوں کی تکمیل پر مرکوز رہے گی جو اس نے طئے کر رکھے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہماری بے تکان کوششوں کے مثبت ثمرات عنقریب ظاہر ہوں گے ‘‘۔